
کوئٹہ (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے کہا ہے۔ کہ معرکۂ حق نے پوری قوم میں اتحاد، یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی کے جذبے کو نئی توانائی بخشی ہے۔اور مشکل حالات میں جس طرح پوری قوم نے یک آواز ہو کر قومی مفادات کا دفاع کیا وہ قابلِ تحسین اور یکجتی کی روشن مثال ہے۔سید امان شاہ نے کہا کہ اس تاریخی موقع پر تمام سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جو ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس جذبے کو برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ مؤثر انداز میں کیا جا سکے۔سید امان شاہ نے فیلڈ مارشل کی قیادت اور کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت، حکمت عملی اور بروقت فیصلوں نے معرکۂ حق میں کامیابی کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی مفاد کو مقدم رکھنے کے جذبے نے نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم کے حوصلے بلند کیے اور اتحاد کی فضا کو مزید مستحکم کیا۔انہوں نے کہا کہ اس معرکہ میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی اور اس کی جارحانہ حکمت عملی ناکام ثابت ہوئی۔ سید امان شاہ نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو جس جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے ناکام بنایا گیا وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان بلوچستان ہمیشہ قومی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے لیے صفِ اول میں کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔آخر میں سید امان شاہ نے قوم کے اتحاد کو ملک کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گا۔
