بچوں کے حقوق کے تحفظ، محفوظ تعلیمی ماحول کے قیام اور خوف و تشدد سے پاک اسکولوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کو جسمانی سزا دینے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی ہے۔

محکمہ تعلیم بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق طلبہ کو تھپڑ مارنے، کان کھینچنے، ڈنڈے یا کسی بھی دوسری جسمانی سزا دینے کے ساتھ ساتھ توہین آمیز، ہتک آمیز یا نفسیاتی تشدد پر مبنی رویہ اختیار کرنے پر بھی سخت پابندی ہوگی۔

اعلامیے میں تمام اساتذہ، ہیڈ ٹیچرز اور اسکول اسٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے ساتھ احترام، عزت اور مثبت طرزِ عمل اپنائیں اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے دوستانہ، اصلاحی اور بچوں کے حقوق پر مبنی طریقہ کار اختیار کریں۔

محکمہ تعلیم نے ہر سرکاری اور نجی اسکول میں طلبہ، والدین یا سرپرستوں کی شکایات کے اندراج کے لیے کمپلینٹ رجسٹر قائم کرنے کا بھی حکم دیا ہے تاکہ جسمانی سزا یا بدسلوکی کے واقعات کی بروقت نشاندہی اور کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

اعلامیے کے مطابق اگر کسی اسکول میں جسمانی سزا، بدسلوکی یا ہراسانی کی شکایت موصول ہوتی ہے تو اس کی فوری تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ، محفوظ تعلیمی ماحول کے قیام اور خوف و تشدد سے پاک اسکولوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اسی مقصد کے تحت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں جسمانی سزا کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.