فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کوئٹہ گیریژن کا دورہ، بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں کمانڈر کوئٹہ کور نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے ملاقات بھی کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری تعاون اور سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور مؤثر تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستحکم اور پائیدار امن ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جو معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ہوتا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہیں۔ محفوظ اور مستحکم ماحول ہی ترقیاتی اقدامات، سرمایہ کاری اور معاشی مواقع کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور افسران و جوانوں کی ثابت قدمی، حوصلے اور عزم کو سراہا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.