کوئٹہ (زیبائے پاکستان) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک حد تک خراب ہونے لگی ہے، جہاں مختلف تھانوں کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چوری اور شہریوں سے نقدی و قیمتی اشیاء چھیننے کے واقعات میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سرعام اسلحہ کے زور پر شہریوں کو لوٹ رہے ہیں، جبکہ بعض وارداتوں میں سرکاری اداروں کا نام استعمال کرکے گھروں میں داخل ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔
تھانہ خالق شہید کی حدود میں لنک بادینی روڈ پر شام تقریباً چار بجے ایرانی تیل کا کاروبار کرنے والے شمس اللہ سے مبینہ طور پر ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے 3 لاکھ 35 ہزار روپے نقدی، موٹر سائیکل اور موبائل فون چھین لیا۔ اسی علاقے میں عمران خان اور اللہ داد کی موٹر سائیکلیں چھیننے جبکہ حیات اللہ اور عبداللہ کی موٹر سائیکلیں چوری ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
تھانہ سریاب کی حدود میں منور احمد اور محمد عاصم سے موٹر سائیکل اور 28 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی، جبکہ بشیر احمد، رضوان اور جلیل احمد بھی موٹر سائیکل، موبائل فون اور نقدی سے محروم ہوئے۔
اسی تھانے کی حدود میں ریاض حسین ایڈووکیٹ کے گھر میں مبینہ طور پر ایک سرکاری ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے ڈکیتی کی گئی، جہاں سے 9 لاکھ روپے نقدی اور تین قیمتی گھڑیاں لے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسی طرح طیب ہوتکانی کے گھر پر بھی ایک ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر داخل ہوکر 2 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی اور تقریباً 23 تولہ سونا لوٹ لیا گیا۔
تھانہ شالکوٹ کی حدود میں غلام عبید اللہ کو مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 15 ہزار روپے اور موٹر سائیکل سے محروم کیا گیا، جبکہ عبدالباری اور محمد رحیم بھی اسلحہ کے زور پر موبائل فون اور موٹر سائیکل سے محروم ہوئے۔
تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں عبدالحئی اور علی اصغر سے موٹر سائیکل اور قیمتی اشیاء چھیننے کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ تھانہ نیو سریاب کی حدود میں عبدالباری، غلام علی، ربنواز اور جمیل الرحمان سے مبینہ طور پر اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں اور قیمتی اشیاء چھین لی گئیں، جبکہ نوروز خان کو دورانِ ڈکیتی زخمی کرکے قیمتی اشیاء چھیننے کا واقعہ بھی سامنے آیا۔
تھانہ سول لائن کی حدود میں مین امداد چوک پر ایک پولیس ملازم کو بھی مبینہ طور پر لوٹ لیا گیا، جس سے موبائل فون اور نقدی چھین لی گئی، جبکہ گہرام قمبرانی اور احسان اللہ کی موٹر سائیکلیں چوری ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تھانہ سٹی کی حدود میں صالح محمد، مقصود احمد اور عجب خان کی موٹر سائیکلیں چوری ہوئیں، جبکہ تھانہ بجلی روڈ کی حدود میں امین اللہ سے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا گیا۔ اسی علاقے میں ڈاکٹر ظہور احمد، عبداللہ، اشفاق اور محمد تنویر کی موٹر سائیکلیں بھی چوری ہونے کی اطلاعات ہیں۔
کوئٹہ کے نسبتاً پُرامن سمجھے جانے والے علاقے جناح ٹاؤن کی حدود بھی جرائم پیشہ عناصر سے محفوظ نہ رہ سکیں، جہاں شہباز خان سے قیمتی موبائل فونز چھیننے، امان اللہ کی موٹر سائیکل چوری ہونے اور محمد جمال کو گن پوائنٹ پر لوٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
تھانہ زرغون آباد کی حدود میں محمد حنیف کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر موٹر سائیکل اور موبائل فون چھین لیا گیا، جبکہ تھانہ نوحصار کی حدود میں بھی مبینہ طور پر ایک سرکاری ادارے کا نام استعمال کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوکر اسلحہ کے زور پر 15 لاکھ روپے لوٹنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
تھانہ قائد آباد کی حدود میں مین طوغی روڈ پر نبیل انور کو گن پوائنٹ پر لوٹ لیا گیا، جبکہ خادم حسین کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی۔ تھانہ گوالمنڈی کی حدود کاسی روڈ پر غلام فاروق کاکڑ کو مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر لوٹا گیا، جبکہ سرکی روڈ پر اصغر علی سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چھیننے کی واردات رپورٹ ہوئی۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں اور چوری کی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کردیا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ شہر کے تمام علاقوں میں گشت کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، شاہراہوں اور حساس مقامات پر پولیس کی موجودگی بڑھائی جائے اور ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
کوئٹہ کے حالات انتہائی خراب ہوگئے ہیں، عوام اپنی قیمتی اشیاء سے محروم کردی جاتی ہے، جبکہ چور اور ڈکیت سرعام مین شاہراہوں اور گلیوں میں شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی نہ کی گئی تو صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔
