کسی کو مریم نواز کو بتانا چاہیے کہ بلوچستان اور پختونخوا کو پنجاب سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف چاہتے ہیں پنجاب ان کے وسائل کی لوٹ مار بند کرے ، ساجد ترین۔

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و معروف قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کسی کو پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کو یہ بتانا چاہیے کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کو پنجاب سے کوئی دلچسپی نہیں، ان کی بنیادی تشویش اپنے وسائل اور حقوق کا تحفظ ہے۔

ساجد ترین ایڈووکیٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام صرف یہ چاہتے ہیں کہ پنجاب ان کے وسائل کی لوٹ مار بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کو اپنے صوبائی وسائل، اختیار اور حقوق سے متعلق بنیادی مسائل درپیش ہیں، جنہیں نظرانداز کرکے محض سیاسی بیانات یا باہمی تقابل سے حقیقی مسائل حل نہیں کیے جاسکتے۔

ساجد ترین کا کہنا تھا کہ وفاقی اکائیوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مساوی حقوق اور آئینی اصولوں کی بنیاد پر قائم ہونے چاہئیں۔ کسی بھی صوبے کے عوام کے وسائل پر ان کے حق اور اختیار کو تسلیم کیے بغیر دیرپا سیاسی ہم آہنگی ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان طویل عرصے سے اپنے وسائل، اختیارات اور سیاسی حقوق کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتا آرہا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی مختلف معاملات پر عوامی سطح پر شکایات موجود ہیں۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبوں کے درمیان فاصلے بڑھانے کے بجائے ان کے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور حل کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.