کوئٹہ(زیبائے پاکستان)آل پاکستان بس یونین پنجاب و خیبرپختونخوا کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری وزیر خان، نائب صدر اقبال سرگڑھ، حبیب اللہ خان اور دیگر عہدیداروں نے قومی شاہراہوں پر بڑھتے ہوئے بدامنی کے واقعات اور ٹرانسپورٹ شعبے کو درپیش مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی مختلف قومی شاہراہوں پر امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹ عملہ، ڈرائیورز، کنڈکٹرز اور مسافر شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں، جس کے منفی اثرات نہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے بلکہ ملکی معیشت اور عوام کی روزمرہ زندگی پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز قومی شاہراہوں پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات، مسافروں اور گاڑیوں کو لاحق خطرات، اور بعض علاقوں میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ٹرانسپورٹرز کو مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مسافر بھی خوف و ہراس کے ماحول میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ ٹرانسپورٹ کا شعبہ ملک کی معاشی سرگرمیوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس شعبے سے وابستہ افراد کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ رہنماؤں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں، متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے، حساس مقامات پر گشت میں اضافہ کیا جائے، ٹرانسپورٹ گاڑیوں اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹرانسپورٹرز بلاخوف و خطر اپنی خدمات انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ اس وقت بڑھتے ہوئے اخراجات، ایندھن کی قیمتوں، پرزہ جات کی مہنگائی اور دیگر انتظامی مسائل سے بھی شدید متاثر ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ ٹرانسپورٹرز کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ تنظیموں کے نمائندوں سے مشاورت کا عمل شروع کرے اور ایسے پائیدار اقدامات کرے جن سے اس شعبے کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو۔ آل پاکستان بس یونین کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کے حقوق، تحفظ اور فلاح کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور امید ظاہر کی کہ حکومت ٹرانسپورٹ برادری کے تحفظ اور قومی شاہراہوں پر امن و امان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کرے گی۔
