صوبائی اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم صحافت پر قدغن ہے۔ قیوم بلوچ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان میڈیا فورم کے مرکزی صدر قیوم بلوچ نے کہا ہے کہ اخبارات کو صوبائی اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم صحافت پر قدغن کے مترادف ہے، لوکل پرنٹ میڈیا اس وقت شدید مالی بحران اور مشکلات کا شکار ہے، حکومت کو چاہیے کہ اخبارات اور صحافتی اداروں کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کرتے ہوئے اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف اخبارات کے نیوز ایڈیٹرز اور سب ایڈیٹرز کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت اکرم بلوچ کر رہے تھے، جبکہ وفد میں امیر شاہ، منیر احمد، محمد رمضان، شاہنواز خان، محمد زمان، فضل احمد اور محمد الطاف شامل تھے۔ ملاقات کے دوران لوکل اخبارات کو درپیش مالی، انتظامی اور پیشہ ورانہ مسائل سمیت موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔قیوم بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں مقامی اخبارات محدود وسائل کے باوجود عوامی مسائل، حکومتی اقدامات اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں کی آواز کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، تاہم اشتہارات کی غیر منصفانہ تقسیم اور واجبات کی بروقت ادائیگی نہ ہونے کے باعث متعدد اخبارات شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو کئی اخبارات کے لیے اپنا اشاعتی عمل جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے لیے واضح، شفاف اور یکساں پالیسی اختیار کرے، کسی بھی اخبار یا ادارے کے ساتھ امتیازی سلوک نہ کیا جائے اور لوکل پرنٹ میڈیا کو اس کا جائز حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات اور صحافتی اداروں کا معاشی استحکام آزاد اور ذمہ دار صحافت کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔مرکزی صدر بلوچستان میڈیا فورم نے کہا کہ بلوچستان میڈیا فورم صوبے بھر کے صحافیوں اور میڈیا اداروں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کرتا رہے گا۔ حکومت لوکل اخبارات کے مسائل کے حل کے لیے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بامقصد مذاکرات کرے اور اشتہارات کی منصفانہ تقسیم سمیت تمام جائز مطالبات پر فوری عملی اقدامات اٹھائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.