پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، دشمن کی میلی نظر ناکام ہوگی۔ سابق ترجمان حکومت بلوچستان

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) سابق ترجمان حکومت بلوچستان اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت بابر یوسفزئی نے افغان طالبان کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد پر دس منٹ میں قبضے کے دعوؤں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے بلکہ یہ محض دیوانے کا خواب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے غیر سنجیدہ اور اشتعال انگیز دعوے نہ صرف خطے کے امن کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی غلط پیغام دیتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ جہاں سے ہماری سلامتی کو خطرہ تھا۔پاکستان نے انسانی آبادیوں کو نشانہ نہیں بنایا۔جبکہ افغان وزیر دفاع اسلام آباد کو جارحیت کا نشانہ بنانے کے بھڑکیں مار رہا ہے۔ افغان طالبان کو ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور مضبوط دفاعی نظام کا حامل ملک ہے جس کے سیکیورٹی ادارے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں اور ملک کے دفاع کیلئے پوری قوم یکجا ہے۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی، اندرونی و بیرونی سازشوں اور سرحدی کشیدگی جیسے بڑے چیلنجز کا ہمیشہ جرات اور حکمت عملی سے مقابلہ کیا ہے۔ ملکی دفاعی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، عوامی حمایت اور مضبوط سفارتی حکمت عملی پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بناتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والا خود نقصان اٹھائے گا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھارت کی جانب سے بھی اسی قسم کی اشتعال انگیز زبان استعمال کی جاتی رہی، مگر وقت نے ثابت کیا کہ محض بڑھکوں سے حقائق تبدیل نہیں ہوتے۔ پاکستان نے ہر محاذ پر اپنی خودمختاری اور سالمیت کا کامیابی سے دفاع کیا ہے اور آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات کی بجائے خطے کے ممالک کو امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی اپنانی چاہیے تاکہ عوام کی ترقی اور خوشحالی ممکن بنائی جا سکے۔ پاکستانی قوم متحد، باحوصلہ اور اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.