تعلیمی اداروں میں کتب کی عدم فراہمی کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ پروفیسر حلیم صادق

0

کوئٹہ(زیبائےے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے تحت سرکاری درسی کتب کی اشاعت کا ذمہ لینے والے بڈر، صادق پرنٹنگ کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے واضح کیا ہے کہ رواں تعلیمی سال کے لیے درسی کتب کی اشاعت نہ صرف مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرلی گئی ہے بلکہ 95 فیصد اشاعت شدہ کتب بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کے حوالے بھی کردی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کوئٹہ بلکہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک درسی کتب کی ترسیل کو یقینی بنایا گیا ہے، تاکہ طلبہ کو بروقت تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ناگزیر وجوہات اور سرکاری تعطیلات کے باعث تعلیمی اداروں میں درس و تدریس کا باقاعدہ آغاز نہیں ہوسکا، جس کی وجہ سے یہ تاثر پیدا کیا جارہا ہے کہ کتب دستیاب نہیں ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کتب کی عدم فراہمی سے متعلق خبروں اور پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر نہ صرف حقائق کے منافی ہے بلکہ لاعلمی اور غیر ذمہ دارانہ سیاسی بیان بازی پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے طلبہ کو بروقت درسی کتب کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اساتذہ، والدین اور طلبہ کو چاہیے کہ وہ افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے مستند معلومات پر انحصار کریں، جبکہ متعلقہ حکام بھی تعلیمی سرگرمیوں کے جلد آغاز کو یقینی بنائیں تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.