بیروزگاری اور اسٹریٹ کرائم میں خطرناک اضافہ ھورہا ہے۔ صوبائی کنوینیر اے۔ پی۔پی بلوچستان

0

کوئٹہ/کراچی(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینیر سید امان شاہ نے بلوچستان میں باڈر ٹریڈ کی بندش پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس بندش کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ اس کے باعث صوبے میں بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد جو سرحدی تجارت سے وابستہ تھے، اچانک روزگار سے محروم ہو گئے ہیں جس کے باعث نہ صرف ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں بلکہ معاشرتی مسائل میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے بڑھتے ہوئے رجحان نے نوجوانوں کو مایوسی کی طرف دھکیل دیا ہے، جس کے نتیجے میں اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ سید امان شاہ نے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں جہاں پہلے ہی روزگار کے مواقع محدود ہیں، وہاں باڈر ٹریڈ کی بندش کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔انھوں نے کہا۔کہ سرحدی تجارت نہ صرف ہزاروں خاندانوں کا واحد ذریعہ معاش ہے بلکہ یہ صوبے کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور مقامی مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر باڈر ٹریڈ بحال کی جائے اور متاثرہ افراد کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ سید امان شاہ نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائے گی اور متاثرہ عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.