کوئٹہ(زیبائے پاکستان )آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ آبپاشی یونٹ بلوچستان کے صدر جناب غلام قادر زہری کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر آبپاشی جناب میر محمد صادق عمرانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو درپیش مختلف مسائل، بالخصوص ملازمین کی پروموشن، سروس سے متعلق امور اور دیگر جائز مطالبات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے صوبائی وزیر کو ملازمین کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اپنا مؤقف پیش کیا۔
وفد میں جنرل سیکرٹری بسمہ اللہ خان کاکڑ، سینئر نائب صدر کاشف حیدر مگسی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عبدالباقی بڑیچ اور چیئرمین رحمت اللہ بڑیچ شامل تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے وفد کا مؤقف نہایت توجہ اور خندہ پیشانی سے سنا اور ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
صوبائی وزیر نے کہا:
“ہمارے دفتر کے دروازے ایپکا کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ آپ جب بھی اپنے مسائل اور مطالبات کے سلسلے میں ملنا چاہیں، بلا جھجھک تشریف لائیں۔ ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔”
ایپکا محکمہ آبپاشی یونٹ بلوچستان کے صدر غلام قادر زہری نے صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی کے مثبت رویے، ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے سننے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی وزیر کی خصوصی توجہ اور تعاون سے محکمہ آبپاشی کے ملازمین کے دیرینہ مسائل، خصوصاً پروموشن اور سروس سے متعلق معاملات جلد حل ہوں گے۔
Prev Post
