
قلات (زیبائے پاکستان) سابق رکن قومی اسمبلی و سینیٹر بی بی روبینہ عرفان نے کہا ہے کہ پرنس عبدالکریم خان ہسپتال قلات ضلع میں شعبۂ صحت کے حوالے سے ایک منفرد، مؤثر اور انتہائی اہم ادارہ ہے، مگر افسوس کے ساتھ گزشتہ کچھ عرصے سے اس ہسپتال کو مبینہ طور پر سیاسی بنیادوں پر متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عوام میں یہ تاثر پیدا کیا جا سکے کہ ہسپتال بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔
اپنے ایک تفصیلی اخباری بیان میں انہوں نے انکشاف کیا کہ اب ہسپتال کے شہر سے فاصلے کو جواز بنا کر یہاں نصب قیمتی ڈائیلاسز مشینری کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، جو کہ نہ صرف غیر منطقی بلکہ عوام دشمن اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت گردوں کے امراض میں مبتلا تقریباً ایک سو مریض روزانہ کی بنیاد پر پرنس عبدالکریم خان ہسپتال میں ڈائیلاسز کی سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، اور اس سہولت کی منتقلی سے ان مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بی بی روبینہ عرفان نے واضح کیا کہ مذکورہ ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ مکمل طور پر تعینات ہے اور ادارہ بھرپور انداز میں اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ مزید برآں، ہسپتال میں جدید سولر سسٹم نصب کیا گیا ہے جس کی بدولت چوبیس گھنٹے بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہے، جو کہ ڈائیلاسز جیسے حساس علاج کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاں نہ تو ڈائیلاسز کے لیے موزوں اور معیاری کمرہ دستیاب ہے اور نہ ہی وہاں کا سولر سسٹم فعال ہے۔ ایسے حالات میں ڈائیلاسز مشینری کی منتقلی نہ صرف وسائل کا ضیاع ہوگی بلکہ مریضوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگی۔
سابق سینیٹر نے مزید کہا کہ جہاں عوام کے نام پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، وہاں ڈسٹرکٹ ہسپتال کے لیے نئی اور معیاری ڈائیلاسز مشینری کی خریداری کوئی بڑا مسئلہ نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور پرنس عبدالکریم خان ہسپتال میں موجود سہولیات کو برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوامی صحت سے متعلق ایسے فیصلے سیاسی بنیادوں پر کیے گئے تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، اور عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
