پاکستانی معیشت کیلئے بڑا سہارا! 4 ماہ میں ترسیلات زر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

0

اسلام آباد(زیبائے پاکستان)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں اکتوبر 2026 کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملک میں آنے والی مجموعی رقم تقریباً 3 ارب 90 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق اکتوبر 2026 میں ترسیلات زر کا حجم 3 ارب 89 کروڑ ڈالر رہا جو گزشتہ سال اکتوبر میں موصول ہونے والے 3 ارب 42 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں 13.8 فیصد زیادہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق ستمبر 2026 کے دوران موصول ہونے والی 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ترسیلات کے مقابلے میں بھی اکتوبر میں 8.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مالی سال 2027 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے مجموعی طور پر 14 ارب 80 کروڑ ڈالر وطن بھیجے گئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں موصول ہونے والے 13 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ترسیلات زر ملکی بیرونی کھاتوں کو سہارا دینے، معاشی سرگرمیوں میں اضافے اور بیرون ملک سے آنے والی آمدنی پر انحصار کرنے والے خاندانوں کے اخراجات پورے کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

کن ممالک سے سب سے زیادہ رقم پاکستان بھیجی گئی؟

اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2026 میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے سب سے زیادہ 98 کروڑ 20 لاکھ ڈالر وطن بھیجے۔ یہ رقم گزشتہ سال اکتوبر میں بھیجے گئے 83 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے جبکہ ستمبر 2026 کے 89 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں ماہانہ بنیاد پر 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات سے آنے والی ترسیلات زر بھی بڑھ گئیں۔ اکتوبر 2026 میں وہاں مقیم پاکستانیوں نے 81 کروڑ 60 لاکھ ڈالر بھیجے جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں موصول ہونے والے 70 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے 16 فیصد زیادہ ہیں۔ ستمبر کے مقابلے میں بھی ان رقوم میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اکتوبر کے دوران 59 کروڑ 20 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ رقم 49 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی۔ اس طرح سالانہ بنیاد پر 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

امریکا سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر اکتوبر 2026 میں 32 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال اکتوبر کے 30 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر بھی ان رقوم میں 8 فیصد اضافہ ہوا۔

اسی طرح یورپی یونین کے ممالک سے اکتوبر 2026 کے دوران 46 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پاکستان موصول ہوئے جبکہ ستمبر میں یہ حجم 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔ اس طرح ماہانہ بنیاد پر 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.