اسلام آباد(زیبائے پاکستان)پاکستان کسٹمز نے ’نسان نوٹ‘ اور ’ٹویوٹا ریز‘ سمیت سات درآمدی سیریز کی ہائبرڈ گاڑیوں کو باضابطہ طور پر صرف الیکٹرک موٹر سے چلنے والی نئی انرجی گاڑیوں کے زمرے میں شامل کر لیا ہے، جس کے بعد بندرگاہوں پر ان گاڑیوں کی کلیئرنس کا عمل شروع ہو گیا ہے اور نئی آٹو پالیسی 2026-31 کے تحت ان کی قیمتوں میں کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
کلکٹریٹ آف کسٹمز اپریزمنٹ ایسٹ کراچی کی جانب سے 21 نومبر کو جاری کردہ مراسلہ نمبر C-76/KAPE/DC-PCT/2026 کے تحت اس فیصلے کا اطلاق نسان ککس، ایکس ٹریل، نوٹ اورا، سیرینا، ڈائی ہاٹسو راکی، ٹویوٹا ریزز اور سُبارو ریکس پر کیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ان رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکلز یعنی آر ای ای ویز کو الیکٹرک گاڑیوں کی درجہ بندی میں برقرار رکھا ہے کیونکہ ان کے پہیے مکمل طور پر الیکٹرک موٹر کے ذریعے چلتے ہیں۔
کسٹمز کی درجہ بندی کمیٹی نے ان گاڑیوں کے تکنیکی ڈیزائن کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ ان میں نصب انٹرنل کمبسشن انجن پہیوں سے میکینکل طور پر منسلک نہیں ہوتا اور کسی بھی حالت میں پہیوں کو براہ راست طاقت منتقل نہیں کر سکتا۔
کمیٹی کے مطابق ان گاڑیوں میں موجود انجن محض ایک جنریٹر کے طور پر کام کرتا ہے جبکہ گاڑی کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری صرف الیکٹرک ٹریکشن موٹر انجام دیتی ہے۔
اسی تکنیکی بنیاد پر کمیٹی نے ان گاڑیوں کو کسٹمز ٹیرف ہیڈنگ پی سی ٹی 8703.8090 کے تحت رکھا ہے، جو صرف الیکٹرک موٹر سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے مخصوص ہے۔
حکام کے مطابق یہی اصول 2 فروری کے پبلک نوٹس نمبر 02/2026 میں بھی طے کیا جا چکا تھا، جس کے تحت ’دیپال ایس 05‘ اور ’فورتھنگ فرائیڈے‘ جیسی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں کو الیکٹرک وہیکلز قرار دیا گیا تھا۔
یہ فیصلہ ٹویوٹا کی مقامی اسمبلر کمپنی انڈس موٹر کمپنی کی جانب سے ایف بی آر کے ممبر کسٹمز پالیسی کے روبرو پبلک نوٹس نمبر 02/2026 کے خلاف دائر اپیل مسترد ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
ایف بی آر نے اپیل مسترد کرتے ہوئے رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں کو الیکٹرک گاڑیوں کی کیٹیگری میں برقرار رکھا۔
اس اقدام سے استعمال شدہ گاڑیاں درآمد کرنے والے تاجروں کو بڑا ریلیف ملا ہے، جنہیں ٹویوٹا ریز اور نسان نوٹ جیسی گاڑیوں کی کلیئرنس میں تاخیر اور بھاری جرمانوں کا سامنا تھا، جبکہ مقامی اسمبلرز کے لیے بھی رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق قواعد واضح ہو گئے ہیں جس سے نئے سرمایہ کاروں کے لیے ایسی گاڑیاں متعارف کرانا آسان ہو سکے گا۔
