کسٹم گودام آتشزدگی کرپشن کی انتہاء ہے۔ ولو ناصر/ باری مشوانی

0

کراچی / کوئٹہ (زیبائےے پاکستان) آل کوئٹہ کراچی بس ایکشن کمیٹی کراچی کے صدر حاجی ولو ناصر، جنرل سیکرٹری عبدالباری مشوانی، دیگر عہدیداروں حاجی طور جان، حاجی عنایت اللہ اور حاجی عبدالجلیل نے لکپاس کسٹم گودام میں مبینہ سازش کے تحت ہونے والی آتشزدگی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ٹرانسپورٹروں کو معاشی طور پر تباہ کرنے کی منظم کوشش قرار دیا ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ نے سینکڑوں ٹرانسپورٹروں کی جمع پونجی کو جلا کر راکھ کردیا اور محنت کش طبقہ شدید ذہنی و مالی کرب میں مبتلا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی شواہد اور حالات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ واقعہ محض حادثہ نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔ رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ چاندنی کے اینٹوں کے غائب ہونے کا معاملہ بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ناگزیر ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر برادری کو مسلسل نقصان پہنچایا جارہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ رہنماؤں نے حکومت، کسٹم حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی، شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق قوم کے سامنے آسکیں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ ٹرانسپورٹروں کے نقصانات کا فوری تخمینہ لگا کر انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ ان کے گھروں کے چولہے بجھنے سے بچ سکیں۔
آل کوئٹہ کراچی بس ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے خبردار کیا کہ اگر ٹرانسپورٹروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فوری ازالہ نہ کیا گیا تو ٹرانسپورٹر برادری احتجاج سمیت ہر جمہوری و آئینی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.