پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار ردوبدل عوام کے ساتھ سنگین مذاق ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر سید امان شاہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز کمی بیشی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کیا جاتا ہے اور پھر چند دن بعد معمولی کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کا ڈھونگ رچایا جاتا ہے، جو درحقیقت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں سید امان شاہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہتے بلکہ اس کے نتیجے میں اشیائے خوردونوش، ادویات، بجلی، گیس اور روزمرہ استعمال کی تمام بنیادی اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے جبکہ حکومت کے غیر سنجیدہ فیصلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب پٹرول اور ڈیزل مہنگے ہوتے ہیں تو پورے ملک میں کرایوں اور اشیاء کی قیمتوں میں فوری اضافہ کردیا جاتا ہے، لیکن معمولی کمی کے باوجود عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں ملتا۔ حکومت کی یہی ناقص معاشی پالیسیاں ملک میں بے چینی، کاروباری جمود اور معاشی عدم استحکام کو جنم دے رہی ہیں۔ سید امان شاہ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت لائی جائے اور عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر عوام دوست معاشی پالیسیاں تشکیل دے، بصورت دیگر عوام میں بڑھتی ہوئی بے چینی مزید سنگین صورتحال اختیار کرسکتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.