پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ خوش آئند ہے۔ سید امان شاہ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر سید امان شاہ نے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان ایک ارب 21 کروڑ ڈالر کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ معاشی مشکلات سے نکالنے، مالی استحکام پیدا کرنے اور معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے مؤثر اور دیرپا پالیسیوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کے تناظر میں عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے اہمیت رکھتے ہیں، تاہم ان معاہدوں کے ثمرات عام شہری تک پہنچانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔سید امان شاہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے، مالیاتی دباؤ میں کمی لانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن کے مثبت نتائج قومی معیشت کے ساتھ ساتھ عوام کی روزمرہ زندگی میں بھی نمایاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام صرف مالیاتی معاہدوں اور اعداد و شمار تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کا حقیقی فائدہ عام آدمی، مزدور، کسان، ملازم پیشہ طبقے، تاجروں اور کاروباری افراد کو بھی پہنچنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری، بجلی اور گیس کے بھاری بلوں اور اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رکھا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ معاشی اصلاحات کے ساتھ عوام کو درپیش مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دے۔ تاکہ عام شہری کو ریلیف مل سکے اور لوگوں کی قوت خرید میں بہتری آئے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.