کوئٹہ(زیبائے پاکستان) گورنمنٹ ہائی سکول رند گڑھ میں ہیڈ ماسٹر حاجی غلام حسین مینگل کی پروموشن کے بعد تبادلے پر خراج تحسین ، نئے تعینات ہونے والے ہیڈ ماسٹر حاجی عبدالرؤف بنگلزئی کی آمد پر استقبالیہ جبکہ ریٹائر ہونے والے نائب قاصد محمد اسماعیل کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سکول کے اساتذہ، عملے اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام حسین مینگل، حاجی عبدالرؤف بنگلزئی، سمیع اللہ رند، محمد ندیم، محمد عظیم بگٹی اور دیگر مقررین نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی ترقی اور طلبہ کی بہتر تعلیم و تربیت میں اساتذہ اور دیگر ملازمین کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے حاجی غلام حسین مینگل کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں محنت، لگن اور خوش اسلوبی سے نبھائیں، ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مقررین نے نئے ہیڈ ماسٹر حاجی عبدالرؤف بنگلزئی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سکول کی تعلیمی بہتری، نظم و ضبط اور معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے نائب قاصد محمد اسماعیل کی طویل خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ انہوں نے اپنی ملازمت کے دوران ایمانداری، محنت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سبکدوش ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے ذمہ داران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پروموشن تبادلہ پر رخصت ھونے والے ہیڈ ماسٹر حاجی غلام حسین مینگل کو بہترین خدمات پر سونئیر پیش کیا گیا۔ اور بار پہنائے گئے۔
