
خضدار(زیبائے پاکستان )عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی شہر کے مختلف تجارتی مراکز میں خریداری کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے بالخصوص عمر فاروق چوک کھنڈ روڈ اور کراچی روڈ پر روزانہ بڑی تعداد میں شہری، خواتین اور بچے عید کی خریداری کے لیے نکلتے ہیں تاہم شہری حلقوں کی جانب سے شکایات سامنے آرہی ہیں کہ بعض اوباش اور منچلے نوجوان رش کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین کو ہراساں کرنے اور بدتمیزی جیسے قابلِ مذمت حرکات میں ملوث ہو رہے ہیں، جس کے باعث خاندانی ماحول میں خریداری کے لیے آنے والی خواتین کو شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں بازاروں میں رش معمول سے کہیں زیادہ بڑھ جاتا ہے، جس کا فائدہ اٹھا کر چند شرپسند لفنگے لڑکے خواتین کے قریب آکر بدتمیزی، آوازیں کسنے اور دیگر نازیبا حرکات کرتے ہیں ایسے واقعات نہ صرف معاشرتی اقدار کے منافی ہیں بلکہ شہر کے پرامن ماحول کو بھی متاثر کرتے ہیں شہریوں نے ایس ایس پی خضدارشہزادہ عمر عباس بابر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بالخصوص رش والے مقامات پر پولیس نفری تعینات کی جائے تاکہ خواتین اور خاندانوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ان کا کہنا ہے کہ عمر فاروق چوک، کھنڈ روڈ اور کراچی روڈ جیسے مصروف مارکیٹوں میں مستقل پولیس گشت اور نگرانی انتہائی ضروری ہے شہریوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایسے اوباش اور لفنگے نوجوانوں کے بازاروں میں داخلے پر سختی سے پابندی عائد کی جائے اور اگر کوئی شخص خواتین کو ہراساں کرتے ہوئے پایا جائے تو اسے فوری طور پر گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ دوسروں کے لیے عبرت کا سامان بن سکے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس اور ضلعی انتظامیہ بروقت اقدامات کریں تو خواتین اور بچے پرسکون اور محفوظ ماحول میں عید کی خریداری کر سکیں گے اور شہر کے بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے گا
> شہریوں نے امید ظاہر کی ہیکہ ایس ایس پی خضدار شہزادہ عمر عباس بابر اہم مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں گے
