بجلی کی آنکھ مچولی، شدید گرمی میں شہری، کاروبار اور اخباری صنعت مشکلات کا شکار

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران بمشکل 4 سے 5 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ باقی وقت بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔
شہریوں کے مطابق بجلی کی فراہمی بھی تسلسل کے ساتھ نہیں ہوتی بلکہ مختصر وقفوں کے لیے آتی اور پھر کئی کئی گھنٹوں کے لیے غائب ہو جاتی ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شدید گرمی میں گھریلو صارفین، بیمار افراد، طلبہ، چھوٹے کاروبار، تجارتی مراکز، صنعتیں، ورکشاپس اور اخباری صنعت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اخباری اداروں سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش کے باعث کمپوزنگ، پرنٹنگ اور دیگر تکنیکی امور متاثر ہو رہے ہیں، جس سے اخبارات کی بروقت اشاعت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اسی طرح کاروباری سرگرمیاں، پانی کی فراہمی، انٹرنیٹ سروسز اور دفتری امور بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کیسکو کی جانب سے اکثر مرمت، تکنیکی خرابی یا کھمبوں کی منتقلی جیسے جواز پیش کیے جاتے ہیں، تاہم بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کو شدید ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔
شہریوں نے حکومت اور کیسکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو عوام اپنے حقوق کے لیے احتجاج سمیت دیگر جمہوری راستے اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔
شہری حلقوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ شدید گرمی کے پیشِ نظر عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لے کر بجلی کے بحران پر قابو پایا جائے تاکہ شہریوں، کاروباری طبقے اور اخباری صنعت کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.