کوئٹہ (زیبائے پاکستان ) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کی شمولیتی دعوتی مہم کے سلسلے میں تنظیم کے صدر سید عبدالقیوم آغا کی قیادت میں وفد نے ہزارہ ٹاؤن میں قصرِ گل ریسٹورنٹ کے مالک قاسم رضا سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دوستوں اور احباب سمیت تنظیم میں شمولیت کی دعوت دی۔ ملاقات کے دوران تنظیمی امور اور تاجر برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد یوسف، سینئر نائب صدر نعمان کاکڑ، ترجمان کاشف حیدری، آفس سیکرٹری سلطان خلجی، جمشید علی ایمن سمیت دیگر رہنماء شامل تھے۔ وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری کے اتحاد و اتفاق اور حقوق کے تحفظ کے لیے تمام تاجروں کا ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تاجروں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے۔ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان تاجروں کو متحد کرنے اور ان کے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔وفد نے امید ظاہر کی کہ قاسم رضا اور ان کے دوستوں و احباب کی تنظیم میں شمولیت سے تاجر برادری کے اتحاد کو مزید تقویت ملے گی اور تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جاری کوششوں کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
