کوئٹہ(زیبائے پاکستان)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بلوچستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر اسفندیار کاکڑ نے اپنے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جولائی تا ستمبر سہ ماہی قسط جاری کردی گئی ہے، تمام مستحقین اپنی رقم گھر کے قریب کسی بھی متعلقہ ایجنٹ سے موبائل پر موصول ہونے والا پیغام دکھا کر وصول کرسکتے ہیں۔ نئے نظام کے تحت مستحقین کو رقم کی وصولی کے لیے مخصوص مراکز پر جانے اور رش میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق قریبی ایجنٹ سے پوری رقم حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے مستحقین کو ہدایت کی کہ رقم وصول کرتے وقت اپنا موبائل فون کسی بھی ایجنٹ کے حوالے نہ کریں بلکہ صرف موبائل پر موصول ہونے والا پیغام دکھائیں اور اپنا موبائل اپنی تحویل میں رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے اور بعد ازاں وصولی کی تصدیق کا پیغام مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں فراہم کردہ موبائل نمبر پر موصول ہوگا۔ اسفندیار کاکڑ نے کہا کہ نئے نظام کا بنیادی مقصد مستحقین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا، غیر ضروری رش سے بچانا اور ان کے گھر کے قریب شفاف انداز میں رقم کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اب مستحقین کسی بھی متعلقہ ایجنٹ کو موبائل پر موصول ہونے والا پیغام دکھا کر اپنی پوری رقم وصول کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مستحقین پر زور دیا کہ وہ اپنی رقم وصول کرتے وقت احتیاط کریں، موبائل فون اپنے پاس رکھیں اور ادائیگی کی مکمل رقم حاصل کرنے کے بعد وصولی کے پیغام کی بھی تصدیق کریں۔انھوں مستحقین کو ھدایت کی ہے۔ کسی بھی شکایت یا ایجنٹ کی جانب سے رقم کم دینے کی شکایت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمبر 0812301744 پر کی جاسکتی ہے۔
