غریب طالبات کی امانت پر قبضہ؟ سرکاری منی وین مبینہ طور پر ایم پی اے کے ذاتی استعمال میں، دیانت داری کے دعوے سوالیہ ؟؟؟؟؟؟

0

نوشکی (زیبائے پاکستان)معتبر ذرائع کے مطابق زیرِ نظر سرکاری منی وین، رجسٹریشن نمبر QBA-1056، محکمہ صحت نوشکی کے مڈوائفری اسکول کے لیے مختص ہے۔ صوبائی حکومت نے یہ گاڑی طالبات کے پروفیشنل اور تربیتی دوروں کی سہولت کے لیے فراہم کی تھی تاکہ بالخصوص غریب طالبات اپنی عملی تربیت بہتر انداز میں مکمل کر سکیں۔
تاہم بدقسمتی سے معتبر ذرائع کے مطابق اس منی وین کی حالیہ تصویر ایم پی اے نوشکی کی کوئٹہ میں واقع رہائش گاہ کے باہر لی گئی ہے، جہاں یہ مبینہ طور پر کھڑی دیکھی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ موجودہ ایم پی اے نوشکی کے منتخب ہونے کے بعد سابق ڈی ایچ او نوشکی کی مبینہ آشیر باد سے یہ سرکاری گاڑی ایم پی اے کے استعمال میں دے دی گئی۔ مزید یہ کہ گزشتہ تقریباً دو برس سے مڈوائفری اسکول کی طالبات اس سہولت سے محروم ہیں، جبکہ یہ منی وین مبینہ طور پر ایم پی اے کی کوئٹہ رہائش گاہ پر ان کے ذاتی استعمال میں ہے اور بچوں کو اسکول لانے لے جانے سمیت دیگر نجی امور کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ صرف سرکاری وسائل کے مبینہ غلط استعمال کا معاملہ نہیں بلکہ ان غریب طالبات کے حق پر بھی سوالیہ نشان ہے جن کے لیے یہ گاڑی سرکاری طور پر مختص کی گئی تھی۔
جمعیت علمائے اسلام کی قیادت ہمیشہ دیانت داری، سادگی اور امانت داری کی مثالیں پیش کرتی رہی ہے۔ خصوصاً حضرت مفتی محمودؒ کی سادہ طرزِ زندگی، عوامی خدمت اور سرکاری وسائل کے محتاط استعمال کا تذکرہ آج بھی احترام سے کیا جاتا ہے۔ ایسے میں یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ اگر عوامی نمائندے سرکاری وسائل کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کریں تو کیا یہ انہی اصولوں سے مطابقت رکھتا ہے؟
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
“بے شک اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں ان کے حق داروں تک پہنچاؤ۔”
حضرت عمر بن خطابؓ کے دورِ خلافت میں ایک چادر کے بارے میں بھی عوام نے سوال کیا تھا اور آپؓ نے اس کی وضاحت پیش کی تھی۔ یہی اسلامی طرزِ حکمرانی کی روح تھی کہ حکمران خود کو احتساب سے بالاتر نہیں سمجھتے تھے۔ آج بھی یہی سوال اٹھتا ہے کہ کیا عوامی وسائل کے استعمال پر سوال کرنا عوام کا حق نہیں؟
اس خبر کی اشاعت سے قبل راقم نے ایم پی اے نوشکی اور مڈوائفری اسکول کی پرنسپل کو واٹس ایپ کے ذریعے تمام الزامات سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا مؤقف طلب کیا، تاہم تقریباً 60 گھنٹے گزرنے کے باوجود کسی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب موجودہ ڈی ایچ او نوشکی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر مڈوائفری اسکول کی پرنسپل سے وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ ان کے مطابق معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نوشکی کے عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان، سیکرٹری صحت بلوچستان اور کمشنر رخشان ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور مڈوائفری اسکول نوشکی کی سرکاری منی وین فوری طور پر اسکول کے حوالے کی جائے تاکہ طالبات دوبارہ اپنی پیشہ ورانہ تربیت کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
نوٹ: اس خبر میں بیان کیے گئے الزامات معتبر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر مبنی ہیں۔ متعلقہ فریقین کا مؤقف موصول ہونے کی صورت میں اسے بھی اسی اہمیت اور نمایاں انداز میں شائع کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.