بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عوامی سیاست کو مضبوط بنایا جائے اور اقتدار کی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کے حقوق کے لیے مشترکہ مؤقف اختیار کیا جائے،حافظ حمد اللہ
کوئٹہ (زیبائے پاکستان)کوئٹہ میں سانحہ زیارت کے شہداء کے حق میں جاری احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن، محمود خان اچکزئی ایمل ولی خان سردار اختر جان مینگل جماعت اسلامی کی قیادت اور دیگر رہنما حقیقی اور عوامی سیاست کے نمائندے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ان سیاسی رہنماؤں کو برداشت نہیں کیا جاتا تو وہ ایسی پالیسی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے
حافظ حمداللہ نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ محمود خان اچکزئی مولانا فضل الرحمٰن ایمل ولی خان سردار اختر جان مینگل ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ جماعت اسلامی تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتیں مشترکہ فیصلہ کریں کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عوامی سیاست کو مضبوط بنایا جائے اور اقتدار کی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کے حقوق کے لیے مشترکہ مؤقف اختیار کیا جائے
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسمبلی نے مائنز اینڈ منرلز ایکٹ اور ڈی ایچ اے ایکٹ منظور کیے لیکن بعد میں انہی فیصلوں پر اعتراضات سامنے آئےان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو اپنے فیصلوں کا جواب دینا چاہیے
حافظ حمداللہ نے کہا کہ وہ سابقہ اتحادِ حکومت (پی ڈی ایم) کے دور میں ترجمان تھے اور اس وقت بلوچستان میں جلسے منعقد کیے جاتے تھے انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت مریم نواز ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی تھیں اور ریاستی رویے پر تنقید کرتی تھیں، تاہم اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کے مسائل کو نظر انداز کر دیا گیا
