کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف ٹکٹ ہولڈر بلوچستان اسمبلی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کی سابق پارلیمانی کوآرڈینیٹر زلیخا عزیز مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اس وقت تقریباً 2.5 کروڑ ایسے بچے ہیں جو اسکول جانے کی عمر میں ہونے کے باوجود غربت اور حکومتی عدم توجہی کے باعث تعلیم سے محروم ہیں
زلیخہ عزیز مندوخیل نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آئندہ 15 برس بعد یہی بچے معاشرے کا حصہ ہوں گے
مگر ان کے پاس نہ تعلیم ہوگی نہ ہنر اور نہ ہی باعزت روزگار۔ ان کے مطابق اگر ان میں سے معمولی تعداد بھی جرائم کی راہ اختیار کر لے تو معاشرے میں بدامنی چھینا جھپٹی اور بے چینی میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے
زلیخا عزیز مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ کیا ریاست کے پاس اس سنگین مسئلے کا کوئی مؤثر حل موجود ہے یا پھر نئے ادارے قائم کرنے کے باوجود مستقبل میں بھی یہی صورتحال برقرار رہے گی
زلیخہ عزیز مندوخیل نے کہا کہ تعلیم سے محروم لاکھوں بچوں کے مستقبل کی تباہی ایک قومی المیہ ہے جس پر فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے
زلیخہ عزیز مندوخیل نے مزید کہا کہ یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ملک کے 2.5 کروڑ بچوں کی تعلیمی محرومی، بے روزگاری اور غیر محفوظ مستقبل کا ذمہ دار آخر کون ہے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تعلیم کو قومی ترجیح بناتے ہوئے ہر بچے کو اسکول تک رسائی معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل فراہم کیا جائے
