کوئٹہ: میں نجی اسکولوں کی ڈبل فیس کا معاملہ، ڈی سی صاحب کی پریس کانفرنس کے بعد والدین اور اسکول انتظامیہ آمنے سامنے۔

0

کوئٹہ: (زیبائے پاکستان) کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے نجی اسکولوں کی جانب سے ڈبل فیس کے مطالبے سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ والدین کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی پریس کانفرنس کے باوجود بعض اسکولوں میں فیس کے معاملے پر کوئی واضح عملی پیش رفت نظر نہیں آ رہی، جس کی وجہ سے والدین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ ڈی سی کوئٹہ کی پریس کانفرنس کے بعد والدین اور اسکول پرنسپلز و اساتذہ کے درمیان فیس کے معاملے پر اختلافات اور تلخ کلامی کی صورتِ حال پیدا ہو رہی ہے۔ والدین پریس کانفرنس میں کیے گئے اعلان کا حوالہ دے کر اضافی فیس ادا کرنے سے انکار کرتے ہیں، جبکہ دوسری جانب اسکول انتظامیہ اور اساتذہ والدین سے فیس کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس صورتِ حال میں والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے، جس کا اثر بچوں کی تعلیم اور تعلیمی ماحول پر بھی پڑنے کا خدشہ ہے۔ اہلِ علاقہ کا سوال ہے کہ اگر پریس کانفرنس کے بعد واضح ہدایات اور ان پر عمل درآمد یقینی نہ بنایا جائے تو والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والی اس صورتِ حال کا ذمہ دار کون ہوگا؟ غریب اور متوسط طبقے کے والدین پہلے ہی مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایسے میں اضافی فیس کے مطالبات ان کے لیے مزید مالی بوجھ بن رہے ہیں۔ اہلِ علاقہ کی ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور متعلقہ محکمہ تعلیم سے اپیل ہے کہ نجی اسکولوں میں ڈبل فیس وصولی سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے۔ پریس کانفرنس میں کیے گئے اعلان کے حوالے سے واضح تحریری ہدایات جاری کرکے ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ شکایات کی تحقیقات کرکے خلاف ورزی ثابت ہونے پر متعلقہ اسکولوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ڈی سی کوئٹہ صاحب! والدین کو صرف اعلانات نہیں بلکہ واضح اقدامات اور عملی کارروائی کی ضرورت ہے۔ خدارا اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے تاکہ والدین اور اساتذہ کے درمیان مزید اختلافات پیدا نہ ہوں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہونے سے بچ سکے۔ اہلِ کوئٹہ کا مطالبہ ہے کہ ڈبل فیس کے معاملے کو فوری طور پر حل کرکے والدین کو اس غیر یقینی صورتِ حال سے نجات دلائی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.