کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر سیکرٹری فقیر خوشحال خان کاسی نے کہا ہے کہ زیارت شہداء نے پوری پشتون ملت کو اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کا عظیم تحفہ دیا ہے، جو دراصل ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے خواب، فکر اور وژن کی عملی تعبیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جس قومی اتحاد اور شعور کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، وہ مستقبل میں پشتون قوم کی اجتماعی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گا۔انہوں نے یہ بات کوئلہ پھاٹک دھرنے کے موقع پر صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ فقیر خوشحال خان کاسی نے کہا کہ زیارت کا المناک سانحہ صرف پشتون قوم ہی نہیں بلکہ ہر درد دل رکھنے والے انسان کے لیے انتہائی افسوسناک اور دل خراش واقعہ ہے۔ آج ہر باشعور انسان اس سانحے پر خون کے آنسو رو رہا ہے اور شہداء کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دھرنے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ مختلف سیاسی، سماجی اور قومی نظریات رکھنے والی تمام قیادت ایک ہی اسٹیج پر متحد نظر آ رہی ہے، جبکہ ہزاروں شرکاء بھی اپنے تمام نظریاتی اور سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر کئی روز سے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہ منظر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جب قومی مفاد اور اجتماعی وقار کا سوال ہو تو پوری قوم متحد ہو کر ایک آواز بن جاتی ہے۔ فقیر خوشحال خان کاسی نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ ہیں اور ان کی یاد ہمیشہ اتحاد، حوصلے اور قومی شعور کو زندہ رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کو باہمی اتحاد، برداشت، جمہوری جدوجہد اور قومی یکجہتی کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھنی چاہیے، کیونکہ یہی راستہ شہداء کی قربانیوں کا حقیقی احترام اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کے نظریات سے وفاداری کا تقاضا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی شہداء کے مشن، جمہوری اقدار، قومی حقوق اور عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی اور قوم کے اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
