کوئٹہ(زیبائے پاکستان)۔BPPRA کی ناقص ویب سائٹ، نااہل تکنیکی عملے اور غیر تربیت یافتہ ویب ڈویلپرز نے صوبے کے ٹینڈرنگ نظام کو عملاً مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ ٹھیکداروں کو آئے روز ای ٹینڈر اپ لوڈ کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، مگر ادارے میں بیٹھا عملہ شکایات سننے اور مسائل حل کرنے کے بجائے مسلسل عدم تعاون اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
ٹھیکداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ٹینڈرز بروقت اپ لوڈ نہ ہونے کے باعث سرکاری محکمے بار بار کوریجنڈم جاری کرنے پر مجبور ہیں، جس سے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار اور قومی خزانے پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب
۔BPPRA ٹینڈر چالان کی مد میں کروڑوں روپے وصول کر رہی ہے، مگر ادارے کی عملی کارکردگی صفر اور جوابدہی کا نظام مکمل طور پر غائب ہے۔
ٹھیکداروں نے الزام عائد کیا کہ ادارے میں ایسے افراد تعینات کیے گئے ہیں جو جدید ویب ڈویلپمنٹ اور ای پروکیورمنٹ نظام چلانے کی مطلوبہ مہارت سے عاری ہیں۔ شکایات پر نہ محکموں کی شنوائی ہوتی ہے اور نہ ٹھیکیداروں کو کوئی تسلی بخش جواب دیا جاتا ہے۔
ٹھیکدار برادری نے حکامِ بالا سے فوری نوٹس لینے، ذمہ دار اور نااہل افسران و تکنیکی عملے کے خلاف کارروائی اور اہل آئی ٹی ماہرین کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ۔BPPRA کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال نہ کیا گیا تو ٹھیکدار برادری سخت احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگی۔
