کوئٹہ (زیبائے پاکستان )کوئٹہ شہر میں بھکاریوں کی آڑ میں مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں نے علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ چوری، کالا جادو (تعویز)، دھوکہ دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر بھکاری کا روپ دھار کر پورے کوئٹہ شہر میں آزادانہ گھوم پھر رہے ہیں۔
علاقہ مکین غریب اور مستحق سمجھ کر انسانی ہمدردی کے تحت ان کی مدد کرتے ہیں، مگر بعض پیشہ ور بھکاریوں نے اس ہمدردی کو باقاعدہ منافع بخش کاروبار بنا رکھا ہے۔ صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ شہریوں کو یہ سمجھ نہیں آتی کہ مدد کے مستحق کون ہیں اور بھکاری کی آڑ میں جرائم کرنے والے کون؟
شہر کے دیگر علاقہ مکینوں اور عوامی حلقوں کی جانب سے متعدد بار متعلقہ تھانے اور حکام کو شکایات سے آگاہ کیا جا چکا ہے، لیکن عملی طور پر مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کوئٹہ ویسٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پر کوئٹہ ویسٹ میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی خبریں اور تصاویر ضرور سامنے آتی ہیں، مگر شہر کے باقی ماندہ علاقوں کی زمینی صورتحال ان دعوؤں پر کئی سوالات اٹھا رہی ہے۔
اگر کارروائیاں واقعی جاری ہیں تو پھر پورے کوئٹہ شہر میں یہ عناصر اتنی آزادی سے کیسے سرگرم ہیں؟
ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور پولیس کو چاہیے کہ سوشل میڈیا کی کارروائیوں سے آگے بڑھ کر کوئٹہ شہر میں عملی اور مستقل اقدامات کریں، پیشہ ور بھکاری کی آڑ میں جرائم کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
کارروائی دکھائی نہیں، نظر آنی چاہیے۔
