کوئٹہ(زیبائے پاکستان) زیارت شہداء دھرنا کمیٹی اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکے، جس کے بعد دھرنا کمیٹی نے مذاکرات ختم کرنے اورآج جمعہ بلوچستان بھر میں سخت شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا۔
دھرنا کمیٹی کے رکن اصغر خان اچکزئی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو جو ڈرافٹ پیش کیا گیا تھا، اس پر حکومتی مذاکراتی اراکین نے اتفاق کر لیا تھا، تاہم جب اسے وزیر اعلیٰ کے سامنے پیش کیا گیا تو اس میں رد و بدل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بار بار طے شدہ اور تسلیم شدہ نکات سے ہٹتی رہی، جس کے باعث دھرنا کمیٹی نے مزید مذاکرات سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “جو ڈرافٹ ہمارے درمیان حتمی طور پر طے پایا تھا، حکومت اسی کو تسلیم کرے، اس کے علاوہ اب کسی نئی تجویز پر بات نہیں ہوگی۔”
دھرنا کمیٹی نے اعلان کیا کہ کل بلوچستان بھر میں سخت شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کل دھرنے کے مقام پر کیا جائے گا۔ کمیٹی کے مطابق شہداء کے لواحقین سے مشاورت کے بعد دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
