کوئٹہ(زیبائے پاکستان )بلوچستان ہائیکورٹ کے جج کے امیدوار ایڈووکیٹ سلیم لاشاری کی اہلیت پر سوالات اٹھ گئے۔
وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل جاڑن دشتی نے ایڈووکیٹ سلیم لاشاری کے خلاف شکایات پاکستان بار کونسل، چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور جوڈیشل کمیشن کے دیگر ارکان کو بھجوا دی ہیں۔
شکایت میں سلیم لاشاری کو بلوچستان ہائیکورٹ کا جج نامزد کرنے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے سرکاری ملازمت کے دوران وکالت کے لائسنس حاصل کیے۔
وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل کے مطابق ایڈووکیٹ سلیم لاشاری نے مبینہ طور پر جعل سازی کے ذریعے وکالت کے لائسنس حاصل کیے، جبکہ ایسے لائسنس کی بنیاد پر کسی شخص کو جج کے عہدے کے لیے نامزد نہیں کیا جا سکتا۔
شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ سلیم لاشاری کی بطور جج نامزدگی میرٹ پر نہیں کی گئی، لہٰذا ان کی اہلیت اور وکالت کے لائسنس کی قانونی حیثیت کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل جاڑن دشتی نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سلیم لاشاری کی نامزدگی پر فیصلہ کرنے سے قبل ان کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے۔
