کوئٹہ (زیبائے پاکستان ) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر بلوچستان بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات بھرپور قومی جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منائی گئیں۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، کچھی، چمن، سوئی، لورالائی، زیارت، سبی، کوہلو، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور نوشکی میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) اور ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام پرچم کشائی کی تقریبات،

قومی ریلیوں، فلیگ مارچ، شجرکاری مہم، کھیلوں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں طلبہ، نوجوانوں، قبائلی عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

شجرکاری مہم کے دوران مختلف مقامات پر پودے لگا کر سرسبز و خوشحال پاکستان کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے قومی پرچم لہرا کر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں کے ساتھ وطن سے محبت، قومی اتحاد اور یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔

