بلوچستان حب اور لسبیلہ میں طوفانی بارشوں کی تباہی،دیواریں گرنے سے بچی جاں بحق، متعدد افراد زخمی۔

0

حب(زیبائے پاکستان)صوبہ بلوچستان کے اضلاع حب اور لسبیلہ میں تیز آندھی اور طوفانی بارشوں نے شدید تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حب شہر میں طوفانی ہواں کے باعث متعدد سائن بورڈز زمین بوس ہو گئے جبکہ مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ ایگری آٹوز کے قریب دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوئے، جبکہ پتھر کالونی میں دیوار گرنے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچی کو چوٹیں آئیں۔ افسوسناک طور پر ساکران کے علاقے میں دیوار گرنے سے ایک بچی جان کی بازی ہار گئی۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری امدادی کارروائیوں اور حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب لسبیلہ کے علاقے بیلہ اور مضافات میں بھی موسم نے شدت اختیار کر لی ہے، جہاں صبح سویرے سے گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ پہاڑی علاقوں میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث پورالی ندی میں نچلے درجے کا سیلابی ریلہ داخل ہو چکا ہے، جس کے بعد ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ رات حاجی صالح چھب کی جامع مسجد کے مینار پر آسمانی بجلی گرنے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس پر انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.