
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن اسمبلی ثناء بلوچ نے بلوچستان میں بڑھتی بے روزگاری، کرپشن اور حکومتی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے 62 فیصد نوجوان بدترین معاشی بحران، بے روزگاری اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں، جبکہ حکمران طبقہ اربوں روپے لوٹنے اور عیاشیوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے دربدر پھر رہے ہیں، مگر حکومت کے پاس روزگار دینے کے بجائے صرف نمائشی اعلانات اور کھوکھلے دعوے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بے روزگار نوجوانوں کے نام پر ہنرمندی پروگرامز اور ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اربوں روپے خرد برد کیے جا رہے ہیں۔
ثناء بلوچ نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل، گیس، معدنیات اور دیگر آمدنی عوام پر خرچ ہونے کے بجائے کرپٹ مافیا، کمیشن خور عناصر اور سرکاری شاہ خرچیوں کی نذر ہو رہی ہے۔ انہوں نے نئی اسمبلی کی تعمیر، غیر ضروری سڑکوں اور سولر لائٹس جیسے منصوبوں کو “عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف” قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم ہے، جبکہ حکمران طبقہ اقتدار بچانے اور مراعات لینے میں مصروف ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات نے نوجوانوں کو شدید مایوسی، اضطراب اور احساس محرومی میں دھکیل دیا ہے۔
سابق رکن اسمبلی نے خبردار کیا کہ اگر بلوچستان کے وسائل پر حقیقی حق مقامی نوجوانوں کو نہ دیا گیا اور کرپشن کا راستہ بند نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں، جس کی تمام تر ذمہ داری حکمرانوں اور مقتدر حلقوں پر عائد ہوگی
