کوئٹہ (زیبائے پاکستان)بزدار قومی اتحاد نوجوانان اور سید قوم کے معتبرین کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے یونین کونسل راڑہ شم اور اندر پور کو کوہ سلیمان ڈویژن میں شامل کرنے کے فیصلے کو تاریخی، عوامی اور زمینی حقائق سے ہم آہنگ اقدام قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ راڑہ شم اور اندر پور کا شمار قدیم زمانے سے کوہ سلیمان کے دامن میں واقع ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں کے عوام کی سماجی، قبائلی، ثقافتی اور معاشی وابستگیاں ہمیشہ کوہ سلیمان کے دیگر علاقوں سے رہی ہیں۔ مقامی آبادی کی زبان، روایات، رہن سہن اور باہمی روابط اس حقیقت کے واضح عکاس ہیں کہ یہ علاقے قدرتی اور تاریخی لحاظ سے کوہ سلیمان کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ برطانوی دور سے لے کر بعد کے مختلف انتظامی ادوار تک ان علاقوں کی شناخت کوہ سلیمان کے خطے کے ساتھ منسلک رہی ہے، جبکہ مقامی قبائل کے درمیان صدیوں پر محیط رشتے، چراگاہیں، تجارتی راستے اور سماجی تعلقات بھی اسی جغرافیائی وحدت کا ثبوت ہیں۔ اس لیے انہیں کسی دوسرے انتظامی ڈویژن سے منسلک کرنا نہ صرف تاریخی حقائق سے انحراف ہوگا بلکہ مقامی عوام کے جذبات اور خواہشات کے بھی برعکس ہوگا۔ معتبرین نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے یہ فیصلہ کرکے ثابت کیا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت انتظامی معاملات میں سیاسی مصلحت کے بجائے زمینی حقائق، عوامی مفاد اور تاریخی حیثیت کو اہمیت دے رہی ہے۔ اس فیصلے سے کوہ سلیمانب ڈویژن کے عوام میں اعتماد پیدا ہوا ہے اور یہ اقدام مستقبل میں انتظامی استحکام، بہتر طرزِ حکمرانی اور علاقائی یکجہتی کے فروغ کا باعث بنے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ راڑہ شم اور اندر پور کےب عوام نے ہمیشہ اپنے آپ کو کوہ سلیمان ڈویژن کا حصہ سمجھا ہے اور مختلف اوقات میں اس مطالبے کو پرامن اور جمہوری انداز میں حکومت کے سامنے پیش کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کی اس دیرینہ خواہش کو تسلیم کرکے ایک قابلِ تحسین مثال قائم کی ہے۔ بزدار قومی اتحاد نوجوانان اور سید قوم کے معتبرین نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی کابینہ اور متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کوہ سلیمان ڈویژن میں شامل تمام پسماندہ علاقوں میں سڑکوں، تعلیم، صحت، آبنوشی، زراعت اور روزگار کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ اس تاریخی فیصلے کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
