پشتون آباد، مھٹا چوک، عثمان آباد اور کلی بادیزئی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام پریشان

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) جمعیت علماء اسلام بادیزئی یونٹ حلقہ 39 پشتون آباد کے ضلعی نائب امیر مولانا مفتی روزی خان بادیزئی اور ان کےکابینہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پشتون آباد، مھٹا چوک، عثمان آباد اور کلی بادیزئی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
نائب امیر مولانا مفتی روزی خان بادیزئی اور انکے کابینہ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بجلی کی طویل بندش سے گھریلو صارفین کے ساتھ دکاندار، کاروباری افراد، طلبہ، مزدور اور دیگر شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ شدید گرمی میں بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی بحالی کے باوجود کم وولٹیج کے باعث پنکھے، فریج، موٹرز اور دیگر برقی آلات درست طور پر کام نہیں کرتے، جبکہ اچانک بجلی کی بندش اور بحالی سے قیمتی برقی آلات کے خراب ہونے کا خدشہ بھی رہتا ہے۔
کابینہ نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام مذکورہ علاقوں کے فیڈرز، ٹرانسفارمرز اور بجلی کے ترسیلی نظام کا فوری تکنیکی جائزہ لے کر کم وولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کریں، ضرورت کے مطابق ٹرانسفارمرز کی استعداد بڑھائی اور خراب تنصیبات کی مرمت کی جائے۔
کابینہ نے کہا کہ عوام بجلی کے بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں، اس لیے انہیں مستحکم اور مناسب وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کا فوری ازالہ کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کا واضح اور باقاعدہ شیڈول بھی جاری کیا جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.