تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی سازشیں ناکام ھونگی۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر، معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ حالیہ حالات و واقعات اور بعض حلقوں کی جانب سے دیے جانے والے منفی بیانات کے باوجود پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے بلکہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام تر صورتحال کے نتیجے میں کارکنوں کے دلوں میں پارٹی قائد عمران خان سے عقیدت اور وابستگی میں مزید اضافہ ہوا ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ تحریک انصاف ایک نظریاتی جماعت ہے جسے کسی بھی دباؤ یا پروپیگنڈے کے ذریعے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ سید صادق آغا نے اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے اور سیاسی میدان سے باہر کرنے کی سازشیں ماضی میں بھی ناکام ہوئیں اور آئندہ بھی ناکام رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکن اور عہدیداران ہر قسم کے حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور وہ اپنے قائد کے ویژن اور بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں عوام کی بڑی تعداد تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور وہ کسی بھی غیر جمہوری اقدام یا منفی ہتھکنڈوں کو قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پارٹی کے اندر اتحاد، نظم و ضبط اور استقامت کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے اور کارکنان کو چاہیے کہ وہ افواہوں اور منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں بلکہ اپنے مشن پر توجہ مرکوز رکھیں۔ سید صادق آغا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی اور ملک میں حقیقی جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.