محکمہ تعلیم میں بےضابطگیوں کی تحقیقات کی جائے۔ حیات کاکڑ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان صوبائی کونسل کے رکن حیات اللہ خان کاکڑ نے محکمۂ تعلیم بلوچستان میں تبادلوں، انتظامی معاملات اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ میں بڑھتی ہوئی بے ضابطگیوں اور شکایات کا فوری نوٹس لیا جائے تاکہ تعلیمی نظام پر عوام اور ملازمین کا اعتماد بحال رکھا جا سکے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں حیات اللہ خان کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیرِ تعلیم راحیلہ حمید درانی، چیف سیکریٹری بلوچستان اور سیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا کہ محکمۂ تعلیم میں ہونے والے تبادلوں اور انتظامی امور کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق منظر عام پر آسکیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک استاد کے تبادلے کے معاملے میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور مختلف دفاتر میں فائلوں کو غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس سے نہ صرف متعلقہ ملازمین کو مشکلات پیش آئیں بلکہ محکمہ کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ڈائریکٹر تعلیم کی جانب سے مراسلہ بھی ارسال کیا گیا تھا، تاہم اس کے باوجود تاحال مؤثر پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ حیات اللہ خان کاکڑ نے کہا کہ ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ایک شریف، دیانتدار اور بااخلاق افسر ہیں، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ محکمۂ تعلیم میں بعض عناصر اپنے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے نظام کو متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کئی اہم فیصلے متعلقہ افسران کے بجائے دیگر افراد کے ذریعے کروائے جا رہے ہیں، جس سے محکمہ کے نظم و ضبط، میرٹ اور ساکھ کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نےکہا کہ ایک استاد کے تبادلے کے دوران بیس دن کی تنخواہ کاٹے جانے کی شکایت بھی سامنے آئی ہے، جس کا مکمل ریکارڈ موجود بتایا جاتا ہے۔ اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ نہایت افسوسناک اور قابلِ تشویش امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال نہ صرف ملازمین میں بے چینی پیدا کر رہی ہے بلکہ پورے تعلیمی نظام کی شفافیت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما نے وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکریٹری سے اپیل کی کہ وہ ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے محکمۂ تعلیم میں میرٹ، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اور ایسے افسران و عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جو اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے ادارے کی بدنامی اور نظام کی خرابی کا باعث بن رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.