
کوئٹہ(زیبائے پاکستان) یونیورسٹی آف بلوچستان کے ریسرچر خوشحال خان کاسی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے بہتر مستقبل، فکری ترقی اور تعلیمی استحکام کیلئے صوبے میں مضبوط، شفاف اور جمہوری تعلیمی نظام کا قیام وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیمی اداروں میں اساتذہ، محققین اور ماہرینِ تعلیم کو مؤثر نمائندگی فراہم نہیں کی جائے گی، اس وقت تک حقیقی علمی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز بیوٹمز میں “بلوچستان کا مستقبل اور دانشوروں و ماہرینِ تعلیم کا کردار” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی صدارت صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کی جبکہ مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ، محققین اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خوشحال خان کاسی نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت تین بڑے تعلیمی نظام رائج ہیں جن میں اسکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن اور مدارس کا نظام شامل ہے، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ان تمام نظاموں کو ایک مشترکہ اور مربوط علمی ڈھانچے میں لانے کیلئے کوئی مؤثر آئینی یا ادارہ جاتی میکانزم موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی سینیٹس، سنڈیکیٹس، اکیڈمک کونسلز اور دیگر اہم تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور علمی حلقوں کو مکمل نمائندگی حاصل نہیں جس کے باعث تعلیمی پالیسیاں زمینی حقائق سے ہم آہنگ نہیں رہتیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے گئے، مگر بلوچستان میں مختلف ادوارِ حکومت کے باوجود ایک مضبوط اور مؤثر صوبائی ہائر ایجوکیشن سسٹم قائم نہ کیا جاسکا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ایگریکلچر یونیورسٹی آج بھی اپنے مکمل آئینی ایکٹ کی منتظر ہے جبکہ بولان میڈیکل کالج انتظامی کمزوریوں اور غیر مؤثر پالیسیوں کا شکار ہے۔خوشحال خان کاسی نے کہا کہ بیوروکریٹک رکاوٹیں، سیاسی جانبداری، بدعنوانی اور عدم دلچسپی نے صوبے کے تعلیمی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بجٹ کو اکثر سیکیورٹی اور دیگر ترقیاتی اخراجات کی نذر کردیا جاتا ہے، جو نہایت افسوسناک عمل ہے۔ اگر حکومتیں واقعی بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتی ہیں تو تعلیم کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں تعلیم کو صرف روزگار اور ڈگری تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ تعلیم کا اصل مقصد انسان میں شعور، برداشت، اخلاقیات، رواداری اور انسانیت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین اور معاشرہ بچوں کو زبردستی ڈاکٹر، انجینئر یا پروفیسر بنانے کی کوشش کرتے ہیں مگر ان کی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور انسانی کردار پر توجہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بہتر مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ تعلیمی اداروں میں اصلاحات لائی جائیں، نصاب سازی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، علمی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے، اساتذہ اور محققین کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے اور تمام تعلیمی نظاموں کے درمیان مؤثر رابطہ قائم کیا جائے تاکہ بلوچستان علمی، فکری اور سماجی ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔
