بگٹی حکومت تحریک انصاف پر تنقید کی بجائے امن پر توجہ دے۔ صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سنئیر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ فارم 47 کی پیداوار صوبائی حکومت کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف اور قائد تحریک عمران خان پر کی جانے والی تنقید اور بے بنیاد الزامات سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی اعتماد سے محروم حکومت اپنی سیاسی ناکامیوں اور صوبے میں امن و امان کی ابتر صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے غیر متعلقہ معاملات کو ہوا دے رہی ہے جن کا موجودہ عوامی مسائل سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی اپنی حکومتی کارکردگی کے حوالے سے عوام کو مطمئن کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اسی لیے وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے، عوام جان و مال کے تحفظ سے محروم ہیں، بے روزگاری، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے، مگر حکومت ان مسائل کے حل کے بجائے سیاسی مخالفین پر تنقید میں مصروف ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ عمران خان ملک کے مقبول ترین عوامی رہنما ہیں اور انہیں عوام کے دلوں سے نکالنا کسی کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن ہر قسم کے سیاسی دباؤ اور انتقامی کارروائیوں کے باوجود اپنے قائد کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوام کا اعتماد بھی آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت واقعی عوام کی خیر خواہ ہے تو وہ الزام تراشی اور سیاسی بیان بازی ترک کرکے بلوچستان میں قیامِ امن، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر اپنی تمام تر توجہ مرکوز کرے۔
سید صادق آغا نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جمہوری اور آئینی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے نہ حکومت کی ساکھ بہتر ہو سکتی ہے اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہوں گے۔ عوام اب نعروں اور الزامات کے بجائے عملی کارکردگی کا مطالبہ کر رہے ہیں، جس میں موجودہ صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.