27 ستمبر کے سیلاب کو گرفتاریوں سے نہیں روکا جاسکتا۔ صادق آغا

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان )پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت سینکڑوں کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرکے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم ایسے ہتھکنڈوں سے 27 ستمبر کے عوامی سیلاب کو نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حالات مزید کشیدہ ہوں گے، حکومت کو طاقت کے استعمال اور گرفتاریوں کے بجائے سیاسی معاملات کو سیاسی انداز میں حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن اپنے قائد عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنے آئینی، جمہوری اور سیاسی حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔سید صادق آغا نے کہا کہ 27 ستمبر کا احتجاج عوامی جذبات اور سیاسی حقوق کی آواز بنے گا، جسے گرفتاریوں، مقدمات اور دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے کارکنوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن اور آئینی دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.