گیس کی عدم دستیابی سے عوام عذاب میں مبتلا ہیں۔سید صادق آغا

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کوئٹہ میں گیس کی عدم فراہمی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس فراہمی تقریباً ختم ھوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیلائٹ ٹاؤن، منی مارکیٹ اور ان سے ملحقہ رہائشی علاقوں میں گیس کی فراہمی ایک خواب بن چکا ہے۔ اور مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔ سید صادق آغا نے کہا کہ گیس کی سہولت شہریوں کی روزمرہ زندگی سے براہ راست وابستہ ہے اور اس میں خرابی یا عدم تسلسل کے باعث گھریلو معمولات متاثر ہوتے ہیں۔ سٹیلائٹ ٹاؤن، منی مارکیٹ اور اطراف کی آبادیوں کے رہائشیوں کی شکایات کو نظرانداز کرنے کے بجائے ان کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے اور علاقے کی ضروریات کے مطابق فراہمی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے محض اعلانات کافی نہیں، بلکہ متعلقہ حکام کو موقع پر صورتحال کا جائزہ لے کر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ جبکہ کوئٹہ کے جعلی ایم پی ایز کی بھرمار بھی یہ بنیادی مسئلہ حل کرنے میں ناکام ھوچکی ہے۔
گیس کی تقسیم، پریشر اور فراہمی کے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کیا جائے تاکہ شہریوں کو روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں دشواری پیش نہ آئے۔سید صادق آغا نے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس حکام سٹیلائٹ ٹاؤن، منی مارکیٹ اور ملحقہ علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، عوامی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کا مؤثر طریقہ کار وضع کیا جائے اور متعلقہ عملے کو پابند بنایا جائے کہ وہ شہریوں کی شکایات پر بروقت کارروائی کرے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.