ڈپٹی کمشنر سوراب کا مل شاہورائی کا دورہ، کھلی کچہری میں عوامی مسائل سنے،تعلیمی و طبی سہولیات کا جائزہ
سوراب(زیبائے پاکستان) ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا فوری حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے تحت سب ڈویژن دشت گوران کے علاقے مل شاہورائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ حکام کو ان کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 22 اکتوبر 2026 کو گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول مل شاہورائی میں ڈپٹی کمشنر سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں ایس پی سوراب خورشید احمد بلوچ، ایف سی بلوچستان 156 ونگ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل نوید، اسسٹنٹ کمشنر دشت گوران ڈاکٹر ثناء اللہ خان، ڈی ایس پی سوراب عزیز احمد خدرانی، ضلعی افسران، سیاسی و قبائلی عمائدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے تعلیم، صحت، بجلی، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، نادرا اور صاف پانی سمیت مختلف بنیادی مسائل سے متعلق شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے عوامی مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو مسائل کے فوری ازالے اور ضروری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے متعلقہ افسران کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز و گرلز ہائی اسکولز مل شاہورائی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کی حاضری، تعلیمی سرگرمیوں، انتظامی امور اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسکول انتظامیہ نے تعلیمی و انتظامی مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور طلبہ سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران بنیادی مرکز صحت (BHU) مل شاہورائی کا بھی معائنہ کیا، جہاں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور صحت مرکز میں انتظامی و طبی امور کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہری اور مختلف سرکاری اداروں کے معائنے کا مقصد عوامی مسائل کی نشاندہی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو مؤثر بنانا ہے۔
