بلوچستان قومی شاہرائیں موت کی وادیاں بن چکی ہیں۔ ظاہر شاہ کاکڑ

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان) پنجاب خیبرپختونخوا بس یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ظاہر شاہ کاکڑ، وزیر خان کاکڑ، اقبال سرگڑھ اور دیگر رہنماؤں نے کوئٹہ۔کراچی قومی شاہراہ پر مسافر بس پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے، جس کے نتیجے میں چار بے گناہ مسافر شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے، پر شدید دکھ، افسوس اور غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر مسافر بسوں کو نشانہ بنانے کے واقعات روزمرہ کا معمول بنتے جا رہے ہیں، اور بلوچستان کی قومی شائرائیں موت کی وادیاں بن چکی ہیں۔ جو نہ صرف انتہائی تشویشناک بلکہ ریاستی رٹ کے لیے بھی ایک بڑا چیلنج ہیں۔ معصوم اور بے گناہ مسافروں کا خون بہانا کسی صورت قابل قبول نہیں، ایسے افسوسناک واقعات سے عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور مسافر روزانہ اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ اگر حکومت اور متعلقہ سیکیورٹی ادارے قومی شاہراہوں پر مسافروں کو تحفظ فراہم نہیں کر سکتے تو عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد مجروح ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ۔کراچی شاہراہ سمیت بلوچستان کی تمام قومی شاہراہوں پر سیکیورٹی کے مؤثر اور غیرمعمولی انتظامات کیے جائیں، گشت میں اضافہ کیا جائے اور مسافر گاڑیوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور مطالبہ کیا کہ اس دلخراش حملے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کا سدباب ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کو فوری اور مناسب مالی امداد فراہم کی جائے اور بلوچستان کی شاہراہوں پر امن و امان کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.