قلات میں پانی کا شدید بحران، پی ایچ ای ایکسین کی طویل غیرحاضری؛ ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے کی اپیل
قلات(زیبائے پاکستان )قلات شہر اور گردونواح میں پانی کی شدید قلت نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) کے ذمہ دار افسر کی طویل غیرحاضری کے باعث پانی کے مسئلے کے حل میں مزید تاخیر پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں کے مطابق پی ایچ ای ایکسین سوئیل باروزئی مارچ میں ہونے والے انتخابات کے بعد سے قلات سے غائب ہیں اور تاحال واپس نہیں آئے، جس کے باعث محکمہ پی ایچ ای کے امور اور پانی کی فراہمی سے متعلق مسائل متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ قلات میں پانی کا مسئلہ روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے، مگر متعلقہ محکمے کی جانب سے مؤثر اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایچ ای ایکسین کو قلات کلی کچہری میں طلب کیا جائے اور ان سے قلات میں پانی کی موجودہ صورتحال، پانی کی فراہمی میں رکاوٹوں اور جاری منصوبوں کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ افسر کو اپنی سرکاری ذمہ داریاں اور ڈیوٹی باقاعدگی سے انجام دینے کا پابند بنایا جائے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قلات انجینئر عاشہ زہری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے پی ایچ ای ایکسین کو قلات طلب کریں اور پانی کے بحران کے مستقل اور فوری حل کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صاف اور پینے کے قابل پانی بنیادی انسانی ضرورت ہے، اس لیے قلات کے عوام کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے
