بلوچستان کے عوام سے کیے وعدے پورے کیے جائیں۔ پروفیسرحلیم صادق

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے ملک کی مجموعی صورتحال اور خصوصاً بلوچستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک نازک دوراہے پر کھڑا ہے جہاں دانشمندانہ، بروقت اور عوام دوست فیصلوں کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے جبکہ عام آدمی بنیادی ضروریات زندگی کیلئے بھی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جو رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے، بدقسمتی سے آج بھی ترقی کے ثمرات سے محروم ہے۔ یہاں کے عوام پینے کے صاف پانی، صحت، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل نہ کیا گیا تو اس کے منفی اثرات پورے ملک پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کریں اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار فراہم کیے بغیر اور تعلیمی نظام کو بہتر بنائے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں متحد ہونا ہوگا۔ ملک کو اس وقت محاذ آرائی نہیں بلکہ مفاہمت اور سنجیدگی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اور بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.