بی وائی سی رہنماؤں کو سزائیں انصاف کی نفی ہیں۔ سید صادق آغا

0

کوئٹہ (زیبائے پاکستان) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کے رہنماؤں کو سنائی جانے والی عمر قید کی سزاؤں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ انصاف کے تقاضوں، آئینی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حساس مقدمات میں شفاف، غیر جانبدار اور مکمل قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی ناگزیر ہوتی ہے تاکہ انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے۔سید صادق آغا نے اپنے بیان میں کہا کہ یک طرفہ کورٹ ٹرائل کے تاثر کے تحت اتنی سنگین سزاؤں کا سنایا جانا عوامی حلقوں میں متعدد سوالات کو جنم دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں اختلاف رائے کو برداشت کرنا اور سیاسی و سماجی مسائل کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنا ریاستی دانشمندی کا تقاضا ہوتا ہے۔ سخت فیصلوں سے مسائل کے حل کے بجائے پیچیدگیاں بڑھنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی مختلف سیاسی، معاشی اور سماجی چیلنجز سے دوچار ہے، ایسے حالات میں ایسے فیصلے صوبے کے حالات کو مزید کشیدہ اور سنگین بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عوامی احساسات اور سیاسی حقائق کو نظر انداز کیا گیا تو اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جن کا نقصان پورے صوبے کو اٹھانا پڑے گا۔ پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر نے وفاقی اور صوبائی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے مفاہمت، مذاکرات اور سیاسی عمل کو فروغ دیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو عوام میں مزید بے چینی اور اضطراب کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن، سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی صرف انصاف، آئین کی بالادستی اور عوامی اعتماد کی بحالی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ سید صادق آغا نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور سیاسی استحکام کے خواہاں ہیں، لہٰذا تمام متعلقہ فریقین کو بردباری، تحمل اور جمہوری روایات کے مطابق مسائل کے حل کی جانب پیش قدمی کرنی چاہیے تاکہ صوبے میں دیرپا امن اور ہم آہنگی کی فضا قائم ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.