ایڈووکیٹ نادیہ بلوچ نے مستونگ میں مسلح حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

0

کوئٹہ(زیبائے پاکستان )ایڈووکیٹ نادیہ بلوچ نے مستونگ میں مسلح حملے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے سیکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک انسان کا قتل نہیں بلکہ انصاف پر بھی حملہ ہے۔

اپنے بیان میں نادیہ بلوچ نے کہا کہ انہیں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے مقدمات، خصوصاً ضمانت کی درخواستوں کے سلسلے میں متعدد بار جج عبدالحکیم کاکڑ کی عدالت میں پیش ہونے کا موقع ملا۔ ان کے بقول عبدالحکیم کاکڑ ایک نہایت دیانت دار، اصول پسند اور باوقار جج تھے، جو ہر حال میں قانون کی بالادستی اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے کرنے پر یقین رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جج عبدالحکیم کاکڑ نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور گلزادی بلوچ کو تین مقدمات میں ضمانت دی، جبکہ بیبرگ بلوچ کو ایک مقدمے میں ضمانت کے مرحلے پر ہی بری کیا۔ اسی طرح تربت میں تعیناتی کے دوران بھی انہوں نے سبغت اللہ شاہ کی ضمانت منظور کر کے قانون کی بالادستی کو ترجیح دی۔

نادیہ بلوچ نے ایک واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ مستونگ میں ایک پیشی کے دوران جب سی ٹی ڈی ایک کم عمر لڑکے کو عدالت میں پیش کر رہی تھی تو جج عبدالحکیم کاکڑ نے بچے کی حالت دیکھ کر سی ٹی ڈی اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا، “اللہ سے ڈرو، اس بچے کے چہرے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے شدید دباؤ اور خوف میں رکھا گیا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ عبدالحکیم کاکڑ آئینی حقوق، انصاف اور عوام کے وقار پر یقین رکھنے والے جج تھے، جنہیں بلوچستان کے عوام ہمیشہ ان کی دیانت، اصول پسندی اور جرات کے باعث یاد رکھیں گے۔

ایڈووکیٹ نادیہ بلوچ نے شہید جج عبدالحکیم کاکڑ کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں اور ہمدردیاں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے اصول اور قانون کی حکمرانی سے وابستگی انصاف پر یقین رکھنے والوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.