کوئٹہ(زیبائے پاکستان)معروف ٹرانسپورٹرز میر حاجی حکمت لہڑی ، میر حاجی دولتِ خان لہڑی ، آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ خان بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، حاجی سیف الدین بڑیچ، حاجی موسیٰ جان اچکزئی، حاجی ولو ناصر، حاجی ابراہیم اور دیگر رہنماؤں نے گزشتہ دنوں السیف کمپنی کی مسافر بس پر ہونے والی فائرنگ کے افسوسناک واقعے، جس کے نتیجے میں چار بے گناہ مسافر شہید اور متعدد زخمی ہوئے، کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے اور بے گناہ مسافروں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت، سفاکیت اور انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔ اپنے مشترکہ بیان میں انھوں نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ ایسے المناک واقعات نہ صرف عوام میں خوف و ہراس پیدا کرتے ہیں بلکہ صوبے کے امن، تجارتی سرگرمیوں اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
