ایس ایس پی قلات کا اہم اقدام، 25 پولیس اہلکاروں کو ترقی، 17 سال بعد 6 سابق لیویز اہلکار بھی ہیڈ کانسٹیبل بن گئے

0

قلات(زیبائے پاکستان)ایس ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ نے محکمہ پولیس کے 25 اہلکاروں کو کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دینے کے احکامات جاری کر دیے۔ ترقی پانے والے اہلکاروں میں 6 سابق لیویز اہلکار بھی شامل ہیں، جو سال 2009 سے ترقی کے منتظر تھے۔ پولیس میں انضمام کے بعد بالآخر انہیں بھی ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، جس پر اہلکاروں نے خوشی کا اظہار کیا۔
ترقی پانے والے اہلکاروں کے اعزاز میں پولیس لائن قلات میں ایک پروقار رینک لگانے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او ماہیوال خان جاموٹ، پرنسپل آر ٹی سی قلات سکندر خان خجک، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر اسرار اللہ شاہوانی، ڈی ایس پی شکیل احمد عمرانی، ڈی ایس پی موٹروے پولیس خدائے رحیم عالیزئی، ایس ایچ او سٹی عبدالمجید رئیسانی، ایڈیشنل ایس ایچ او میر زیر احمد عمرانی، پی اے ایس پی حاجی محمد نسیم شاہوانی، ڈی آئی بی حبیب بابئی، لائن آفیسر حاجی محمد اسماعیل شاہوانی، آر آئی علی احمد نیچاری، سابق (ر) ایس ایچ او محمد اسحاق زہری، ہیڈ محرر عبدالودود شاہوانی، اکاؤنٹنٹ محمد مراد لہڑی، ایم ٹی او علی اکبر ساسولی سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکار موجود تھے۔
تقریب میں افسران نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو ہیڈ کانسٹیبل کے رینک لگائے اور انہیں پھولوں کے ہار پہنا کر مبارکباد پیش کی۔ ترقی پانے والے اہلکاروں نے بھی پولیس افسران کو پھولوں کے گلدستے پیش کرکے شکریہ ادا کیا۔
ترقی حاصل کرنے والے اہلکاروں میں نور احمد، عطاء اللہ، عبدالروف، غلام فاروق، عبداللہ، قادر بخش، عبداللہ، ظہور احمد، غلام سرور، فیض اللہ، محمد شریف، امید علی، عجب گل، منیر احمد، علی بخش، عبدالغفار، عبدالقدوس، عبدالقادر، الطاف حسین، نذیر احمد، عبدالرشید، عبدالغفور، کلیم اللہ، عبدالجبار اور محمد عامر شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او ماہیوال خان جاموٹ نے کہا کہ ترقی ہر اہلکار کا بنیادی حق ہے، جو اس کی محنت، دیانت داری، قربانیوں اور طویل خدمات کا اعتراف ہوتی ہے۔ انہوں نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ عوام کی خدمت اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
ترقی پانے والے اہلکاروں نے ایس ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ اور دیگر پولیس افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مزید ذمہ داری، دیانت داری اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنے فرائض انجام دے کر محکمہ پولیس کی نیک نامی میں اضافہ کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.